بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے حال ہی میں اپنے بارے میں پھیلنے والی ان افواہوں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ وہ شراب کی عادی ہیں۔
حال ہی میں راج شامانی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے آنجہانی اداکارہ سری دیوی اور فلمساز و پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی جھانوی کپور نے اپنی زندگی کے ایک ایسے مرحلے کا ذکر کیا جب وہ ایک تکلیف دہ تجربے کے بعد کثرت سے شراب نوشی کرنے لگی تھیں۔
تاہم، ان کے ریمارکس کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور انھیں شراب کا عادی بتایا گیا۔ اب ان کی جانب سے شروع کی گئی الکحل آگاہی مہم پر ایک وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ کبھی بھی شراب کی عادی نہیں رہیں۔
گزشتہ روز جھانوی نے اماہا اور آف دی روکس کی ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں تحریر تھا کہ ہم نے نوٹس کیا ہے کہ کچھ میڈیا پیجز اس مہم اور جھانوی کپور سے متعلق مواد کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں جو تشویشناک ہے۔
29 سالہ جھانوی کپور نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گی کہ میں عادی تھی یا میں شراب کا غلط استعمال کر رہی تھی، لیکن میں اکثر شراب پی رہی تھی اور یہ میری زندگی کے ایک بہت تکلیف دہ تجربے کے بعد ہوا۔ مجھے ایسا لگتا تھا جیسے مجھے بس نشے میں ہونا ہے۔
جھانوی نے مزید بتایا کہ وقت کے ساتھ انہیں اس کے اثرات کا احساس ہوا اور انہیں یہ پسند نہیں آیا کہ یہ ان کے روزمرہ کی کیفیت اور صحت پر کیا اثرات مرتب کررہا تھا۔
جہاں تک کام کا تعلق ہے تو جھانوی کپور ہدایتکار بوچی بابو سانا کی اسپورٹس ایکشن ڈرامہ فلم پیڈی میں نظر آئیں گی۔ جس میں مرکزی کردار رام چرن ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں شیوا راجکمار، جگپتی بابو اور دیویندو شامل ہیں۔
یہ فلم رام چرن کے بطور مرکزی اداکار 16ویں پروجیکٹ کی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ اس کی موسیقی عالمی شہرت یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے دی ہے۔