کراچی کے شہریوں نے بلاول ہاؤس کے قریب وی آئی پی موومنٹ کے پروٹوکول کی دھجیاں اُڑا دیں۔
شہر میں گزشتہ روز بلاول ہاؤس کے قریب وی آئی پی موومنٹ کے باعث سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے جس کے دوران 15 سے 20 منٹ تک ٹریفک معطل رہا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹریفک کی معطلی پر مشتعل شہریوں نے پولیس کی جانب سے قائم حفاظتی رکاوٹیں توڑ دیں اور اپنی گاڑیاں لے کر پروٹوکول کے سامنے آ گئے جس کی وجہ سے سیکیورٹی انتظامات درہم برہم ہو گئے۔
واقعے کے دوران پروٹوکول دینے کے لیے موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے شہریوں کی گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی لیکن صورتِ حال کو سنبھالنے میں ناکام رہے۔
اس واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں جن میں شہریوں کو رکاوٹیں عبور کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔