آسٹریلین رائل ملٹری کالج ڈنٹروون نے پاکستان آرمی کے کیڈٹ سردار ارسام عباس کو اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ قرار دے دیا۔
مسلح افواج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک آرمی کے کیڈٹ کو 5 مئی کو کینبرا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ قرار دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز اس غیر ملکی کیڈٹ کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے، یہ کامیابی پاک فوج کی جونیئر قیادت کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور اعلیٰ معیار کی عکاس ہے۔
کمیشننگ پریڈ کا معائنہ آسٹریلوی چیف آف آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ نے کیا۔
تقریب میں سفارتی عملے کے ارکان، کینبرا میں پاکستان کے ہائی کمشنر، فارغ التحصیل کیڈٹس کے اہلِ خانہ اور آسٹریلوی ڈیفنس فورس کے حکام بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات قائم ہیں۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ یہ 14 واں موقع ہے کہ کسی پاکستانی آرمی کیڈٹ کو ’اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ‘ قرار دیا گیا ہے۔
اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ قرار پانے والوں میں لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سہلیہ شہید تمغۂ بسالت بھی شامل ہیں، جنہوں نے 4 ستمبر 2020ء کو شمالی وزیرستان میں جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
لیفٹیننٹ ناصر شہید کا نام آر ایم سی کے پریڈ گراؤنڈ میں یادگاری پتھر پر بھی کندہ ہے۔