ترکیہ نے استنبول میں جاری دفاعی نمائش ’ساہا 2026ء‘میں اپنا پہلا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’یلدریم حان‘ متعارف کروا دیا۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترک وزارتِ دفاع کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کی جانب سے تیار کردہ یہ میزائل ’ماک 25‘ یعنی آواز کی رفتار سے 25 گنا زیادہ رفتار کے ساتھ تقریباً 6 ہزار کلومیٹر دور تک کے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’یلدریم حان‘ میں 4 راکٹ انجن ہیں اور اس میں مائع نائٹروجن ٹیٹرا آکسائیڈ کو بطور ایندھن استعمال کیا جائے گا، یہی وجہ ہے کہ اسے ترکیہ کے جدید ترین میزائل پلیٹ فارمز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ میزائل استنبول میں منعقد ہونے والی ساہا 2026ء انٹرنیشنل ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس نمائش میں پیش کیا گیا جہاں ترکیہ کی بڑی دفاعی کمپنیاں اور سرکاری ادارے مختلف شعبوں میں نئی ٹیکنالوجیز پیش کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ’یلدریم حان‘ کی رونمائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ترکیہ اپنی دفاعی صنعت کو وسعت دینے کے لیے میزائل سسٹمز، ڈرونز، فضائی دفاع، ہوا بازی اور خلائی ٹیکنالوجی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔