پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار نعمان مسعود نے حکومت سے ایک اہم اپیل کر دی۔
نعمان مسعود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں اُنہوں نے حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ریسٹورینٹس کے رات دیر تک کھولے رہنے پر عائد پابندی کی وجہ سے درپیش مسائل کی طرف حکومت کی توجہ دلانے کی کوشش کی ہے۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ عام طور پر جب بھی میں کوئی ویڈیو بناتا ہوں تو بڑا خوش اور پُرجوش ہوتا ہوں لیکن آج میں تھوڑا سا پریشان ہوں اور یہ پریشانی صرف میرے اپنے لیے نہیں ہے بلکہ میرے دوستوں اور میرے ساتھ کام کرنے والے دیگر افراد کے لیے بھی ہے۔
اداکار نے کہا کہ میں ریسٹورینٹس کی بات کر رہا ہوں، جب سے جنگ کا سلسلہ شروع ہوا ہے، ہم لوگ گزشتہ 2 مہینوں سے بہت سارے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مسائل کا سامنا ہونے کے باوجود بھی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ اپنی حکومت کا ساتھ دیں اور حکومتی اقدامات کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔
نعمان مسعود نے کہا کہ ہر طرف کاروبار چل رہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہو رہا ہے، ٹھیک ہے، ہم یہ ساری باتیں سمجھتے ہیں، لیکن آج کل گرمیاں ہیں، گرمیوں میں آفس سے گھر واپسی میں لوگوں کو 5 سے 7 بج جاتے ہیں، پھر وہ فریش ہو کر 9 سے 10 بجے تک گھر سے باہر تھوڑے انٹرٹینمنٹ کے لیے نکلتے ہیں اور ہمارے پاس پاکستان میں فیملیز کے لیے سب سے بڑا انٹرٹینمنٹ ریسٹورینٹس، کیفے یا کافی شاپس ہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ چھوٹے ہوں یا بڑے تمام ریسٹورنٹس میں عملہ ہوتا ہے لیکن جب سے یہ پابندیاں لگائی گئی ہیں ہم ریسٹورینٹس کے مالکان پریشانی کا شکار ہیں۔
اداکار نے کہا کہ ایسے وقت میں جب مہنگائی عروج پر ہے، ہم اور ہمارے ملازمین بہت پریشان ہیں کیونکہ پہلے تو ہم ان کے مسائل بھی حل کر دیتے تھے لیکن آج کل ہم بامشکل انہیں صرف تنخواہیں دے رہے ہیں۔
اُنہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہِ مہربانی تھوڑا سا اس مسئلے پر غور کر لیں۔