• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معرکۂ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا: اسحاق ڈار

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار--- اسکرین گریپ
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار--- اسکرین گریپ

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آج ہم معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں، یہ محض کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں، بلکہ جرأت، اتحاد و غیر متزلزل عزم کی داستان ہے اور یہ ہماری قومی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستانی قوم کو متحد ہونے پر شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ عوام، مسلح افواج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ جب قوم یکجا ہو جاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا، پاکستان نے اپنا حقِ دفاع استعمال کرتے ہوئے جارحیت کا متوازن اور فیصلہ کن جواب دیا اور بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ وہ اپنی خود مختاری پرکبھی سمجھوتا نہیں کرے گا اور قومی سلامتی کو لاحق ہر خطرے کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔

نائب ویزرِاعظم کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھارت نے جارحیت مسلط کی، پاکستان نے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا اور فعال سفارت کاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھر پور انداز میں پیش کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیرکا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے اور پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

نائب وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان معیشت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بھی مضبوط ہو گا۔

قومی خبریں سے مزید