ممبئی میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے کیس میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے، فرانزک جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ خاندان کے افراد کی موت فوڈ پوائزننگ نہیں بلکہ زہریلے مادے سے ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عبداللّٰہ دوکادیا، ان کی اہلیہ نسرین اور دونوں بیٹیوں عائشہ اور زینب نے رات گئے تربوز کھایا تھا، چند گھنٹوں بعد سب کو شدید قے اور دست شروع ہوئے اور وہ دم توڑ گئے۔
تحقیقات کے مطابق متاثرین کے جسموں اور تربوز کے نمونوں میں چوہے مار زہر میں استعمال ہونے والا زہریلا کیمیکل ’زنک فاسفائیڈ‘ پایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام اب اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ زہر تربوز میں حادثاتی طور پر شامل ہوا یا جان بوجھ کر انجیکٹ کیا گیا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں متوفین کے دماغ، دل اور آنتیں سبز رنگ میں تبدیل پائی گئی تھیں جو زہر خورانی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔