• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنہائی انسان کی سوچ و شخصیت کو بدل دیتی ہے: زارا ترین

زارا ترین---فائل فوٹو
زارا ترین---فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ اور میزبان زارا ترین نے طلاق اور جذباتی صدمے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔

زارا ترین حال ہی میں ایک شو میں مہمان بنیں جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی، ذہنی کیفیت اور خود کو دوبارہ سنبھالنے کے سفر پر بات کی۔

واضح رہے کہ زارا ترین کی شادی پاکستانی نژاد ہالی ووڈ اداکار فاران طاہر سے ہوئی تھی، تاہم یہ رشتہ بعد میں ختم ہو گیا، اداکارہ نے اس مشکل دور کے بعد کافی عرصے تک شوبز سے بھی فاصلہ اختیار کیے رکھا۔

گفتگو کے دوران زارا ترین نے بتایا کہ اس وقت میری توجہ رومانس یا نئی محبت کی جانب نہیں ہے بلکہ میں خود پر وقت گزار رہی ہوں اور اپنی ذہنی و جسمانی صحت بہتر بنانے پر فوکس کر رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس وقت اپنی زندگی کے ایسے مرحلے میں ہوں جہاں میری ساری توجہ خود کو بہتر بنانے پر ہے، ایک تکلیف دہ تجربے سے گزرنے کے بعد اب میں خود کو وقت دے رہی ہوں۔

زارا ترین کے مطابق تنہائی انسان کی سوچ اور شخصیت دونوں کو بدل دیتی ہے۔

 انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب میں شدید ذہنی اذیت میں تھی اور آگے نہیں بڑھ پا رہی تھی، لیکن اب میں اپنی زندگی کو نئے انداز سے سمجھنے کی کوشش کر رہی ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ جب انسان خود کے ساتھ وقت گزارتا ہے تو وہ اپنی فطرت اور کمزوریوں کو بہتر انداز میں سمجھ پاتا ہے۔

زارا ترین کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں اب خود کو مزید بہتر طریقے سے جاننا چاہتی ہوں تاکہ مستقبل میں ماضی کی غلطیاں دوبارہ نہ دہراؤں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید