• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہار منہ لیموں کے رس کے فوائد محدود، دانتوں اور نظام ہضم پر اثرات ڈال سکتا ہے، ماہرین

صبح نہار منہ ایک کپ لیموں کا رس پینا اکثر جسم کو زہریلے اور غیر صحت بخش مادوں سے صاف کرنے یا وزن کم کرنے کا آسان طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ حقیقت میں اس کے فوائد محدود ہیں اور اگر اسے زیادہ استعمال کیا جائے تو یہ دانتوں اور نظامِ ہاضمہ پر منفی اثرات بھی ڈال سکتا ہے۔

لیموں میں وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ امریکا کے فوڈ ڈیٹا سینٹرل کے مطابق 100 گرام لیموں میں تقریباً 53 ملی گرام وٹامن سی ہوتا ہے، جو جسم کے میٹابولزم کو سہارا دیتا ہے اور خلیات کو آکسیڈیٹو دباؤ سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ 

انہی خصوصیات کی وجہ سے بہت سے لوگ لیموں کے رس کو جسم سے زہریلے مادوں کے اخراج، وزن کم کرنے اور جلد صاف رکھنے سے جوڑتے ہیں، لیکن اس حوالے سے شواہد زیادہ مضبوط نہیں ہیں۔

ویت نام سے کے ملٹری اسپتال 175 کے شعبۂ غذائیت کی نائب سربراہ ڈاکٹر بوئے تھی ڈوئن اس خیال سے اتفاق نہیں کرتیں کہ لیموں کا رس جسم سے زہریلے مادوں کا اخراج کرتا ہے یا وزن کم کرتا ہے۔ ان کے مطابق، صبح لیموں پانی پینے کا اصل فائدہ رات بھر کی نیند کے بعد جسم میں پانی کی کمی پوری کرنا اور وٹامن سی کی معمولی مقدار فراہم کرنا ہے۔

انھوں نے کہا فی الحال ایسا کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں کہ لیموں پانی براہِ راست کیلوریز جلاتا یا وزن کم کرتا ہے۔ اگر اس سے کوئی فائدہ ہوتا بھی ہے تو وہ صرف اس وجہ سے کہ لوگ اس کے ذریعے زیادہ چینی والے مشروبات جیسے ببل ٹی وغیرہ پینا چھوڑ دیتے ہیں۔

اگرچہ کچھ لوگوں کا گمان ہے کہ تیزابی مشروبات ہاضمے کو متحرک کرتے ہیں، لیکن ڈاکٹر کے مطابق یہ اثر ہر شخص میں ایک جیسا نہیں ہوتا۔ امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق لیموں کے رس جیسے تیزابی مشروبات کا بار بار استعمال اگر مناسب مقدار میں پانی ملا کر نہ پیا جائے یا منہ کی صفائی کا خیال نہ رکھا جائے تو دانتوں کی اوپری حفاظتی تہہ (اینامل) کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ، جن لوگوں کو معدے کی سوزش یا تیزابیت / ایسڈ ریفلکس کی شکایت ہو، ان کے لیے خالی پیٹ لیموں کا رس پینا معدے کی اندرونی تہہ میں جلن اور تکلیف کا باعث بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر ڈوین کے مطابق آدھے لیموں کا رس 200 سے 300 ملی لیٹر پانی میں کم چینی کے ساتھ پیا جائے۔ دانتوں کے اینامل کو محفوظ رکھنے کے لیے اسٹرا استعمال کرنا یا بعد میں منہ دھو لینا مفید ہو سکتا ہے۔ جن افراد کو معدے کے مسائل ہوں، انہیں خاص احتیاط کرنی چاہیے۔

کوئی ایک خوراک یا معمول اکیلے صحت کا فیصلہ نہیں کرتا۔ اصل اہمیت متوازن غذا، مناسب اوقات میں کھانے اور صحت مند طرز زندگی ہے۔ فوری حل کے بجائے اپنی جسمانی حیاتیاتی گھڑی کے مطابق باقاعدگی سے متوازن  خوراک کھائیں۔ سبزیوں اور معیاری پروٹین پر توجہ دیں، جبکہ چینی اور پراسیس شدہ غذا کو محدود رکھیں۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید