• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ماسٹر شیف پنکج بھدوریا میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

ماسٹر شیف بھارت کے پہلے سیزن کی فاتح کنٹسٹنٹ، معروف شیف پنکج بھدوریا نے انکشاف کیا ہے کہ ان میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے۔

28 مئی کو سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں پنکج بھدوریا نے مداحوں سے دعا اور تعاون کی اپیل کی ہے۔

پنکج بھدوریا کی جانب سے صحت سے متعلق کیے گئے انکشاف کے بعد ان کے مداحوں و سوشل میڈیا فالوورز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

واضح رہے کہ شیف پنکج بھدوریا کی عمر 54 سال ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق چھاتی کے سرطان کا خطرہ عمر بڑھنے کے ساتھ زیادہ ہو جاتا ہے، خصوصاً 50 سال سے زائد عمر کی خواتین اس بیماری سے زیادہ متاثر ہو سکتی ہیں۔ 

ماہرِ سرطان کا کہنا ہے کہ سن یاس کے بعد ہارمونز میں تبدیلیاں، جسمانی وزن میں اضافہ، ورزش کی کمی، خاندانی طبی تاریخ اور غیر صحت مند طرزِ زندگی بیماری کے خطرے میں اضافہ کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سن یاس کے بعد جسم میں چربی کے خلیات اضافی ایسٹروجن پیدا کر سکتے ہیں جو سرطان کے امکانات کو بڑھا دیتا ہے۔ 

اس کے علاوہ عمر کے ساتھ جسم میں جینیاتی نقصانات جمع ہوتے رہتے ہیں اور خراب خلیات کی مرمت کا نظام کمزور پڑ جاتا ہے۔

چھاتی کے سرطان کی عام علامات میں چھاتی یا بغل میں گلٹی، چھاتی کی ساخت یا حجم میں تبدیلی، جِلد پر گڑھے پڑنا، سرخی یا خشکی اور خون آلود رطوبت کا اخراج شامل ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت تشخیص اور باقاعدہ اسکریننگ سے علاج کے کامیاب ہونے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں۔ 

اسی طرح متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، صحت مند وزن، تمباکو نوشی سے پرہیز، الکوحل سے اجتناب اور ذہنی دباؤ پر قابو پانا بھی اس بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید
صحت سے مزید