• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معرکہ حق کی کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ملک نور اعوان، رانا عابد حسین

معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ آپریشن پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب بن چکا ہے، جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی سیاسی بصیرت نے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا۔ 

ملک نور اعوان نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ اور مسلح افواج نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا اور بھارت کے آٹھ جنگی جہاز گرا کر دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے نہ صرف پاکستانی قوم کا مورال بلند کیا بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے سر بھی فخر سے بلند کر دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

دریں اثنا پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی عسکری اور سفارتی کامیابی کی روشن مثال ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملا دیئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔ 

رانا عابد حسین نے کہا کہ بھارت کو شکست دے کر پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ امن چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارتی جنگی جہازوں کی تباہی نے خطے میں طاقت کا توازن واضح کر دیا اور پوری دنیا نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو تسلیم کیا۔ 

رانا عابد حسین نے مزید کہا کہ اس تاریخی کامیابی نے نوجوان نسل میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے اور پوری قوم آج اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

قومی خبریں سے مزید