پاکستان عالمی سیاست میں ’مڈل پاور‘ کے طور پر اُبھر رہا ہے۔
غیر ملکی جریدے ایشیا ٹائمز کے مطابق پاکستان نے متوازن سفارتکاری سے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے، پاکستان خطے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بدلتے عالمی نظام میں اُن ممالک کی اہمیت بڑھ رہی ہے جو عالمی طاقتوں کے درمیان توازن برقرار رکھ سکیں۔
پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن اسے عالمی طاقتوں کیلئے ناگزیر بنا رہی ہے، اس کی ملٹی الائنمنٹ پالیسی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، بدلتی عالمی صف بندی میں پاکستان کی اسٹریٹیجک اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
یہ تبدیلی خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران نمایاں ہوئی، جہاں پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو آسان بنانے میں کردار ادا کیا۔
اسلام آباد کو اپنی ثالثی کی کوششوں پر وسیع عالمی حمایت بھی حاصل ہوئی، جس سے یہ تاثر مضبوط ہوا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ قابلِ اعتماد ورکنگ تعلقات رکھتے ہیں۔