وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق اللّٰہ کے انعامات پر شکر کا دن ہے، پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔
معرکہ حق کی مناسبت سے جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قوم شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہداء فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع میں ڈٹے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذ پر افواج نے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنایا، پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ جھکایا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی، پاکستان سرحدوں کے دفاع کے لیے چوکس ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت، ایئر چیف مارشل اور ایڈمرل کی حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے تک ثابت قدم رہے گا، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں استحکام ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق آزادی کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کو ذمے دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے، پاکستان امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور استحکام کا ضامن بن کر ابھرا ہے، امریکا ایران تنازع میں پاکستان کا ثالثی کردار دنیا بھر میں سراہا گیا۔