• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیاب فلمیں کرنے کے بعد بھی کام حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا، کیارا ایڈوانی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کیارا ایڈوانی نے اعتراف کیا ہے کہ فلم ’ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری‘ اور ’کبیر سنگھ‘ جیسی کامیاب فلموں کے بعد بھی انہیں کردار حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

کیارا نے بتایا کہ ان کا اصل ڈیبیو 2014 کی فلم فگلی سے ہوا تھا، لیکن وہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔ اگرچہ ناقدین نے ان کی اداکاری کو سراہا، مگر یہ تعریف مزید کام کے مواقع میں تبدیل نہ ہو سکی۔ اس دوران وہ مسلسل آڈیشن دیتی رہیں، جواب کا انتظار کرتی رہیں اور اکثر انکار کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ’فگلی کے بعد ایک بڑا خلا تھا کیونکہ فلم کامیاب نہیں ہوئی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ ابتدا میں کمرشل کامیابی نہیں دیتے تو مواقع کم ہو جاتے ہیں۔‘

کیارا کے مطابق انہوں نے مشکلات سے سیکھا اور ہر ناکامی کو سیکھنے کا موقع سمجھا۔ انکا کہنا تھا کہ کیریئر کے نشیب و فراز ان کے سب سے بڑے استاد ثابت ہوئے۔ ان تجربات نے انہیں مزید مضبوط اور پُرعزم بنایا۔

35 سالہ کیارا نے کہا کہ ’ایم ایس دھونی: دا ان ٹولڈ اسٹوری‘ کی کامیابی کے بعد بھی صورتحال زیادہ نہیں بدلی اور انہیں کرداروں کے لیے جدوجہد جاری رکھنی پڑی۔ تاہم 2019 میں کبیر سنگھ کی کامیابی کے بعد ان کے کیریئر نے تیزی سے رفتار پکڑی۔

انکا کہنا تھا کہ ’یہ وہ عمر تھی جب آپ اپنے بہترین دینے کے لیے پُرعزم ہوتے ہیں۔ مجھے معلوم تھا کہ کام ہی مزید کام لے کر آئے گا، اور ایسا ہی ہوا۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید