بھارتی جریدے دی وائر نے وزیرِاعظم نریندر مودی کی انتخابی کامیابی کے پیچھے چھپی مبینہ بدعنوانی، دھاندلی اور مسلم مخالف پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال میں تقریباً 1 کروڑ افراد کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے، جس کے باعث لاکھوں شہری حقِ رائے دہی سے محروم ہو گئے۔
جریدے کے مطابق تضادات کی بنیاد پر 27 لاکھ شہریوں کو فہرست سے نکالا گیا، جبکہ حتمی ووٹر لسٹ جاری ہونے کے بعد مزید 6 لاکھ ووٹرز کے اندراج پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی غنڈوں کے ذریعے مغربی بنگال میں بھی غزہ جیسا وحشیانہ نظام مسلط کرنے کو تیار ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی کے بعض رہنما مسلسل مسلم مخالف بیانات دے رہے ہیں۔
مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو ویسا ہی سبق سکھانا چاہیے جیسا اسرائیل نے غزہ میں سکھایا، میں مسلمانوں کے لیے کام نہیں کروں گا جب تک وہ مذہب تبدیل نہ کر لیں۔
جریدے نے یہ بھی کہا ہے کہ بی جے پی کے دیگر اہم رہنما یوگی آدتیہ ناتھ اور ہمانتا بسواسرما بھی ماضی میں متنازع اور مسلم مخالف بیانات دیتے رہے ہیں۔