اداکار شاہد کپور اور ایشان کھتر کی والدہ اور سینئر اداکارہ نیلما عظیم نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر ردعمل دے دیا۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے کو دیے گئے انٹرویو کے دوران اپنی تین ناکام شادیوں پر ہونے والے تبصروں اور سوشل میڈیا ٹرولنگ پر ردعمل کا اظہار کیا۔
68 سالہ نیلما کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ لوگ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں جھوٹی باتیں پھیلاتے ہیں، جو انہیں بہت تکلیف دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ نیلما کی پہلی شادی اداکار پنکج کپور سے ہوئی تھی، جن سے ان کے بیٹے شاہد کپور ہیں۔ بعد میں انہوں نے راجیش کھتر سے شادی کی، جن سے ان کے چھوٹے بیٹے ایشان کھتر پیدا ہوئے۔ ان کی تیسری شادی استاد رضا علی خان سے ہوئی۔
نیلما کے مطابق اگرچہ وقت کے ساتھ انہوں نے اپنی زندگی کے معاملات کو قبول کرنا سیکھ لیا، لیکن سوشل میڈیا پر کیے جانے والے تبصرے آج بھی انہیں متاثر کرتے ہیں۔ ابھی کچھ دن پہلے کسی نے تبصرہ کیا کہ شراب پی کر کیا حال ہو گیا ہے، حالانکہ میں نے کبھی بھی مے نوشی نہیں کی۔ سوشل میڈیا پر لوگ بغیر کسی حقائق کے بے بنیاد باتیں کرتے ہیں۔
اپنی ناکام شادیوں کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے پر انھوں نے کہا میں نے ہمیشہ سادہ لوگوں سے شادی کی، جن کے پاس زیادہ پیسہ نہیں تھا، لیکن میں انہیں باصلاحیت اور اچھا انسان سمجھتی تھی۔ میں نے کبھی دولت یا آسائش کے لیے شادی نہیں کی۔ نہ ہی میں نے کبھی ایسا رشتہ چاہا جہاں کوئی میرا کیریئر بنائے یا میرے کاروبار میں پیسہ لگائے۔
انکا کہنا تھا کہ میں نے اپنی محنت سے تھیٹر، ٹی وی، ہوسٹنگ، ڈانس اور اداکاری کی۔ مجھے بہترین اداکارہ کے 27 ایوارڈ ملے، میں نے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، لیکن کبھی اپنی تعریفیں نہیں کیں۔ نیلما نے کہا کہ اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اپنی سچائی بیان کرنا ضروری ہے، کیونکہ خاموش رہنے سے لوگ کسی کی زندگی کی حقیقت بدل دیتے ہیں۔
انھوں نے کہا وقت کے ساتھ محسوس ہوتا ہے کہ آپ کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اکثر یہ کام ایک عورت دوسری عورت کے ساتھ کرتی ہے۔ میں اپنی شادی ختم نہیں کرنا چاہتی تھی، لیکن جب حالات خراب ہو جائیں تو اس کی کوئی وجہ ہوتی ہے۔ لوگوں کے لیے کسی ایک شخص کو قصور وار ٹھہرانا بہت آسان ہوتا ہے۔