وزیراعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کی زیرو ٹالیرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال اور وزارت داخلہ کے امور پر اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے قانون نافذ کرنیوالےاداروں میں کرپشن کی زیروٹالیرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ ایف آئی اے سمیت وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں میں بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہلکاروں کو جدید تربیت اور مہارت سے آراستہ کیا جائے۔ انھوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بہترین آلات، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ رواں سال ستمبر میں اسلام آباد میں زیرتعمیر جیل فعال ہو جائے گی۔
وزیر داخلہ نے اجلاس کو ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے این سی سی آئی اے، ایف سی، سی ڈی اے اور وزارت داخلہ کے ماتحت دیگر اداروں کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، سید محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت طلال چوہدری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔