وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ چیلنجز سے نمٹنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
عطاء تارڑ نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز میں معرکۂ حق کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت مسلط کی، بھارت میں دہشت گردی ان کا داخلی معاملہ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، جموں و کشمیر کا مسئلہ عالمی مسئلہ ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کیے بغیر پاکستان پر الزام عائد کیا گیا، پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قربانیاں لازوال ہیں، ایک ایسا ملک پاکستان پر الزام لگا رہا ہے جو خود کینیڈا اور دیگر ملکوں میں سکھوں کے قتل میں ملوث پایا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا پاکستان میں پکڑے جانا بھارتی دہشت گرد ذہنیت کی واضح مثال ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت میں مکمل یکسوئی ہے اور ریاستی اداروں میں مکمل یکسوئی ہماری مضبوطی کا مظہر ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستانی میڈیا کا کردار ذمے دارانہ تھا، معرکۂ حق کے دوران نوجوانوں نے سوشل میڈیا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔