بھارتی اداکارہ ملاویکا موہنن شوبز سے سیاست کا رخ کرنے والے وزیر اعلیٰ تامل ناڈو تھلاپتی وجے سے متعلق نا مناسب سوال پوچھنے پر برہم ہوگئیں۔
ملاویکا موہنن کو حال ہی میں ایک تقریب کے دوران اداکار اور تامل ناڈو کے نومنتخب وزیرِ اعلیٰ وجے کے بارے میں ایک نا مناسب سوال کا سامنا کرنا پڑا۔ جس پر اداکارہ نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے صحافی سے ہی سوال کر ڈالا کہ آخر ایسا سوال پوچھنے کی ضرورت کیا تھی؟
ان کے اس جواب نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی، جس کے بعد اداکارہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اپنی پوزیشن واضح کی۔
انہوں نے لکھا کہ میں کل ایک تقریب میں گئی، اگرچہ مجھے تمام صحافیوں اور تامل ناڈو میڈیا کے ارکان کا بے حد احترام ہے، لیکن ان میں سے چند نے مسلسل کچھ نہایت نامناسب سوالات کیے، جو مکمل طور پر غیر ضروری اور سنسنی خیز تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے ان کے اور وجے کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہیں میں گزشتہ سات برسوں سے جانتی ہوں، میرے دل میں ان کا بہت احترام ہے اور انہیں اپنا دوست کہنے پر فخر محسوس کرتی ہوں لہٰذا میں چاہوں گی کہ آئندہ میڈیا سے گفتگو کے دوران سب کے احترام اور خیال کو مدِنظر رکھا جائے۔
تقریب کے دوران ملاویکا سے پوچھا گیا تھا کہ وجے جہاں بھی جاتے ہیں، اکثر اداکارہ تریشا کرشنن بھی ان کے ساتھ نظر آتی ہیں، تو کیا انہیں معلوم ہے کہ ان کے ساتھ کیسے سفر کیا جاتا ہے؟ یہ سوال ملاویکا کو ناگوار گزرا، جس پر انہوں نے جواب دیا، آپ مجھ سے کیسے کیسے سوال پوچھ رہے ہیں؟
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے بھی ملاویکا کی حمایت کی اور صورتحال کو وقار کے ساتھ سنبھالنے پر ان کی تعریف کی، جبکہ اس سوال کو نامناسب قرار دیا۔
واضح رہے کہ ملاویکا نے وجے کے ساتھ 2021 کی ایکشن فلم ماسٹر میں کام کیا تھا۔ اس فلم میں وجے سیتھوپتی نے ولن کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی اور کورونا وبا کے بعد تامل ناڈو کے سنیما گھروں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر بھی اسے سراہا گیا۔