• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی باکو میں صدر آذربائیجان الہام علی یوف سے ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جمہوریہ آذربائیجان کےصدر الہام علی یوف سے باکو میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کو سراہا گیا۔

مریم نواز نےاقوام متحدہ کے ورلڈ اربن فورم کے 13ویں اجلاس کے شاندار انتظامات کو سراہا اور آذربائیجان کے صدر تک نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کا سلام پہنچایا۔

صدر الہام علی یوف نے مریم نواز سے ملاقات میں شکریہ ادا کیا اور نواز شریف اور شہباز شریف تک اپنا سلام پہنچانے کا کہا، ساتھ ہی نواز شریف سے اپنے دوستانہ تعلقات کو یاد کیا۔

ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، سفارتی، دفاعی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی تعاون کی اہمیت، تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی۔

آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ ایران امریکا جنگ میں پاکستان امن، تدبر اور مذاکرات کی طاقت کے ساتھ ایک ناگزیر ثالث کے طور پر ابھرا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی مسلسل سفارتی کوششوں اور علاقائی استحکام کےلیے اقدامات کو سراہا۔

الہام علی یوف نے کہا کہ آذربائیجان، ترکیے اور پاکستان کے تعلقات سہ فریقی فریم ورک کے تحت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

دوران ملاقات آذربائیجان کے ’آسان خدمت‘ ماڈل کی طرز پر پاکستان میں قائم مراکز کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشن خطے میں توازن برقرار رکھنے کےلیے انتہائی اہم ہے، پاکستان واحد مسلم ایٹمی قوت ہونے کے ناطے عالمی نقشے پر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایٹمی قوت نے خطے میں توازن، خودمختاری اور قومی وقار کو مضبوط بنایا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور معاشی خوشحالی کےلیے دن رات انتھک محنت کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے جدید آذربائیجان کے بانی حیدر علیوف کے مزار پر حاضری بھی دی، اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

قومی خبریں سے مزید