• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران، امریکا تنازع طے کرنے میں پاکستان مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

فوٹو: اسکرین گریب۔جیونیوز
فوٹو: اسکرین گریب۔جیونیوز

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ایران امریکا تنازع طے کرنے کے لیے مرکزی کردار ادا کررہا ہے ۔

اسلام آباد میں پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کی گئی ہے۔

تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کا یہ سفر جاری رہے گا۔ پاکستان کسی خوف و تردید کے بغیر متحد چین کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنارہے ہیں۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں موجود ہر چینی باشندے کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ پاکستان میں چینی باشندوں کو وہی سیکیورٹی ملنی چاہیے جو یہاں صدر اور وزیراعظم کو حاصل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کے صدر اور وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان پہلا اسلامی ملک ہے، جس نے چین کو تسلیم کیا، چینی بھائیوں کی تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج ہم چین کے ساتھ اپنے عظیم تعلقات کو منارہے ہیں، دنیا میں منفرد مثال پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، سیلاب ہو یا کوئی بھی آفت، چین نے بے مثال ساتھ دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوئی، سی پیک پاکستان کی معیشت اور روزگار کی فراہمی کےلیے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں ایران اور امریکا تنازع کے حل میں پاکستان مرکزی کردار ادا کررہا ہے، چین کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین دنیا میں پاکستان کےساتھ مستعدی کے ساتھ کھڑا رہا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کا یہ سفر جاری رہے گا، مشترکہ کوششوں سے ترقی کا راستہ طے کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ چین نے 800 ملین افراد کو غربت کی لکیر سے نکالا، گزشتہ سال میں نے ایک ہزار طلبہ کو چین بھیجنےکا اعلان کیا تھا، ہم چین کے شکرگزار ہیں، اس نے ہماری کاوش کو عملی جامہ پہنایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج چین کی اقتصادی اور فوجی قیادت دنیا کے لیے مثال ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورے کی طرح میرا دورہ چین بھی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

تقریب سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا دفاع کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید