بالی ووڈ اداکار بوبی دیول نے فلم انڈسٹری میں گزاری 3 دہائیوں اور اپنے بیٹے آریامن کے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے منصوبوں پر روشنی ڈالی ہے اور بتایا ہے کہ ان کے دونوں بیٹے اداکار بننا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بوبی دیول اس وقت اپنے کیریئر کے بہت اچھے دور سے گزر رہے ہیں، وہ فلم انڈسٹری میں 30 سال گزارنے کے بعد آج بھی بالکل جوان نظر آتے ہیں اور ایسے ہی جوش و جذبے کے ساتھ فلموں میں اور اب ویب سیریز میں کردار نبھا رہے ہیں۔
اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ڈیبیو سیریز میں اپنی دھماکے دار واپسی کے بعد بوبی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ انڈسٹری کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے اسٹارز میں سے ایک ہیں لیکن اس تمام شہرت کے پیچھے وہ ایسے شخص بھی ہیں جو اپنے خاندان سے گہرائی سے جڑا ہوا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں مداحوں کو بوبی دیول کا ایک نرم اور الگ ہی پہلو دیکھنے کو ملا ہے، ان کی اس گفتگو کا سب سے اہم حصہ وہ تھا جب انہوں نے اپنے دو بیٹوں آریامن دیول اور دھرم دیول کے بارے میں بات کی۔
اپنے بڑے بیٹے آریامن کے کیریئر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے جب لوگ میرے بیٹے کی تعریف کرتے ہیں، اس کے بارے میں ڈسکس کرتے ہیں کیونکہ لوگ میرے بیٹوں سے مجھ سے زیادہ توقع رکھتے ہیں، دونوں کو اداکار بننا ہے حالانکہ میں ان کو زیادہ تر لائم لائٹ سے دور رکھتا رہا ہوں، لیکن یہ خاص لمحہ تھاجب میں نے ویب سیریز میں قدم رکھا تھا اور میں چاہتا تھا کہ دونوں بیٹے میرے ساتھ ہوں، چھوٹا بیٹا تھوڑا شرمیلا ہے تو وہ نہیں آیا لیکن میرا بڑا میرے ساتھ تھا، وہ بھی اب بالی ووڈ میں انٹری کرنے والا ہے اور راتوں رات کچھ نہیں ہوتا، آپ کو محنت کرنی پڑتی ہے اور آپ محنت نہیں کریں گے تو آگے نہیں بڑھ پائیں گے۔
بوبی دیول نے کہا کہ میں اپنے بیٹوں کو یہی کہتا رہتا ہوں کہ آپ نے اپنے پاپا کو دیکھا ہے، کیسے انہوں نے اپنا کیریئر دوبارہ شروع کیا ہے، یہ انڈسٹری میں رہتے ہوئے بھی یہاں کے آدمی کے لیے اتنا آسان نہیں ہوتا، میرا بیٹا آریامن دل سے محنت کر رہا ہے، اب بس آپ سب کا پیار اور دعائیں چاہئیں، یہ جتنی بھی محنت کر رہا ہے اتنا ہی آپ کو اس کا کام اچھا لگے گا۔
انٹرویو میں بوبی دیول نے اپنی اہلیہ تانیا دیول کے بارے میں کہا کہ وہ میرا سب سے بڑا سپورٹ سسٹم رہی ہیں، اور بچے مجھ سے زیادہ تانیا سے پیار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بوبی دیول کے پاس کئی نئے پروجیکٹس زیرِ تکمیل ہیں، جن میں بندر اور عالیہ بھٹ کے ساتھ الفا شامل ہیں۔