جشن معرکہ حق ’’بنیان مرصوص“ کی تیسری تقریب 24 مئی 2026 کو فرینکفرٹ میں قومی و ملی جذبہ کے ساتھ منعقد کی گئی۔
تقریب میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین تمغہ خدمت ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
معرکہ حق کی تقریب کا باقاعدہ آغاز پاکستان اور جرمنی کے ترانوں کو گا کر کیا گیا، شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر دشمنان پاکستان کو عندیہ دیا کہ پاکستانی قوم پاکستان کی سالمیت کی خاطر یکجا و متحد ہے۔
اس موقع پر ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین ڈاکٹر لوہسر نے اپنے جذباتی انداز میں معرکہ حق کے غیور فوجیوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوۓ انہیں پاکستان کے ہیروز قرار دیا اور کہا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے۔
انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو بتایا کہ پاک آرمی ہمارا فخر اور ماتھے کا جھومر ہے اور ہم للکار کر اپنے ازلی دشمن کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھنے کی کوشش کی تو اس دفعہ پوری دنیا بھارت کی رسوائی اپنی جاگتی آنکھوں سے دیکھے گی۔
پروگرام میں اوورسیز پاکستانیوں، جرمن کشمیری کمیونٹی، بچوں، خواتین اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی، شرکاء نے پاکستان کے قومی پرچم تھام رکھے تھے جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز، چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف کی قد آور تصاویر عوام نے اٹھا رکھی تھیں، پورا ہال پاکستانی اور جرمن پرچموں سے سجا ہوا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور یکجہتی کی علامت تھا۔
ایک کمسن بچے نے ڈچ زبان میں خطاب کیا جبکہ وزیر اعظم یوتھ یورپ سے وابستہ ایک نوجوان بچی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اوورسیز پاکستانی نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کیا۔