اسپین میں شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے رواں ہفتے کم از کم 212 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، یہ اندازہ میڈریڈ کے انسٹیٹیوٹو ڈی سالود کارلوس سوم نے لگایا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025ء میں انہی 4 دن کے دوران 98 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں جبکہ 2026ء میں یہ تعداد 212 تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل سینٹر آف ایپیڈیمیالوجی (سی این ای) کے مطابق یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں اور ان کے مستحکم ہونے کے لیے تقریباً 1 ہفتہ درکار ہوتا ہے۔
سی این ای کی سائنسدان ڈیانا گومیز کے مطابق جون کے مہینے میں اب تک عارضی طور پر 380 اموات شدید گرمی کے باعث ریکارڈ کی گئیں، جن میں سے 55 فیصد حالیہ گرمی کی لہر کے 4 دنوں میں ہوئیں۔
یورپ میں اسپین ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
ملک پہلے ہی شدید گرمی کا عادی رہا ہے، مگر حالیہ برسوں میں گرمی کی لہروں کی شدت واضح اضافہ ہوا ہے اور گرمی کے دوران وقفہ بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔
موسمیاتی ادارے کے مطابق جون 2026ء کے کچھ دن 1950ء کے بعد سے سب سے زیادہ گرم دنوں میں شمار کیے گئے جبکہ جون 2025ء پہلے ہی ریکارڈ گرم ترین مہینہ تھا۔