برطانیہ کے شہر پریسٹن کے قریب لیول کراسنگ پر ٹرین اور کار کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں 1 خاتون جاں بحق جبکہ 8 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی۔
پولیس کے مطابق حادثہ 25 جون کی صبح تقریباً 8 بج کر 50 منٹ پر ہوگٹن کے علاقے اسٹیشن روڈ پر پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ایمبولینس سروس، برٹش ٹرانسپورٹ پولیس اور لنکا شائر پولیس کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔
حادثے میں خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ 8 سالہ بچی کو تشویش ناک حالت میں ایئر ایمبولینس کے ذریعے ایلڈر ہی چلڈرنز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔
برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ جیمی میک گووان نے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، پولیس کی ہمدردیاں جاں بحق خاتون کے اہلِ خانہ اور زخمی بچی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان کی مدد کے لیے خصوصی تربیت یافتہ افسران تعینات کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تفتیشی ٹیمیں ریل ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن برانچ (RAIB) کے ساتھ مل کر حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
پولیس نے واقعے کے عینی شاہدین سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کے لیے معلومات فراہم کریں۔
نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس کے مطابق ٹرین میں سوار کسی بھی مسافر کو طبی امداد کی ضرورت پیش نہیں آئی۔