وزیراعظم شہباز شریف نے فریضہ حج کی ادائیگی کے موقع پر امتِ مسلمہ اور دنیا بھر سے حج ادا کرنے والے حجاج کرام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت، فضل اور قرب حاصل کرنے کا عظیم موقع ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ تمام حاجیوں اور مسلمانوں کی عبادات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور اسلامی اقدار کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی توفیق دے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حج کا عظیم اجتماع امتِ مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرتا ہے، محبت، ایثار اور باہمی تعاون ہی قومی و اجتماعی ترقی اور خوشحالی کا اصل راز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بطور قوم دنیا بھر میں امن، سلامتی اور استحکام کیلئے دعا گو ہے، جبکہ عالمی سطح پر عدل، انصاف، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انسانیت کی فلاح کے لیے مشترکہ کوششیں ممکن بن سکیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر حج مبارک کہتے ہوئے پوری امت مسلمہ کیلئے خیر و برکت کی دعا بھی کی۔