جاپان کے ساحل پر آنے والے سیاح اس وقت ایک دلچسپ اور نایاب منظر سے لطف اندوز ہونے لگے جب فڈلر کیکڑے اپنے بلوں سے نکل کر سالانہ ’رقص‘ پیش کرنے لگے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کیکڑے ہر سال جزر و مد (پانی کے اتار چڑھاؤ) کے دوران ظاہر ہونے والے ساحلی علاقوں سے باہر آتے ہیں۔ اس دوران نر کیکڑے اپنے پنجے اوپر نیچے کر کے ایک ساتھ ’رقص‘ کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس رقص کا اصل مقصد ابھی تک واضح نہیں، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ یہ مادہ کو اپنی طرف متوجہ کرنے یا حریفوں کو خوفزدہ کرنے کا طریقہ ہو سکتا ہے۔
یہ ننھے کیکڑے جن کا خول آدھے انچ سے بھی کم چوڑا ہوتا ہے، گرمیوں کے قریب آتے ہی بڑی تعداد میں نظر آتے ہیں۔ ان کا افزائشی موسم مئی سے اگست تک جاری رہتا ہے۔