پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان احسن خان نے اپنی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کر دیا جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
احسن خان حال ہی میں ایک عید اسپیشل شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر وہ اداکاری سے بریک لیتے ہیں تو کیا کریں گے؟ اس پر احسن خان نے کہا کہ میں اپنے کام سے بے حد محبت کرتا ہوں اور اداکاری چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، تاہم اگر کبھی ایسا ہوا تو میں اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دوں گا۔
احسن خان نے انکشاف کیا کہ میں اس وقت ریسرچ ورک میں مصروف ہوں اور اسلامک اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کر رہا ہوں، جسے مکمل ہونے میں تقریباً 4 سال لگیں گے۔
اداکار کے مطابق علم حاصل کرنا میری زندگی کا ایک اہم مقصد ہے اور میں مذہبی و تعلیمی میدان میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ احسن خان نجی ٹی وی کی ڈرامہ سیریل زنجیریں میں دل شیر کے کردار سے خوب داد سمیٹ رہے ہیں۔