امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر ووستر میں ایک کم عمر کالا ریچھ دو اسکولوں میں گھس گیا، جس کے باعث طلبہ کو کچھ دیر کے لیے اسکول کے اندر ہی روک دیا گیا۔
جمعرات کو ہائی لینڈ اسٹریٹ پر ریچھ کو باغیچوں کی دیواریں پھلانگتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد قریبی ہائی اسکول کو فوری طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ طلبہ کو اس وقت تک کلاس رومز میں رکھا گیا جب تک ریچھ علاقے سے نکل نہیں گیا۔
بعدازاں یہ ریچھ تقریباً دو میل دور کلارک یونیورسٹی کے کیمپس میں بھی نظر آیا۔ پولیس کے مطابق ریچھ بالآخر خود ہی جنگل کی طرف واپس چلا گیا جبکہ ماحولیاتی پولیس اس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ماس وائلڈ لائف کے بلیک بیئر ماہر حیاتیات ڈیو واٹلز نے بتایا کہ یہ ریچھ تقریباً ڈیڑھ سال کا ہے اور غالباً حال ہی میں اپنی ماں سے الگ ہوا ہے۔ ان کے مطابق ’یہ ریچھ ایک نوعمر ہے جو دنیا میں اپنی راہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘