• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تصویر بشکریہ رپورٹر
تصویر بشکریہ رپورٹر

 لندن کے معروف سیاحتی مقام ٹریفالگر اسکوائر پر میئر لندن کے زیرِ اہتمام عید میلہ منعقد ہوا، لندن کے میئر صادق خان اس سال فریضۂ حج کی ادائیگی کے باعث میلے میں شریک نہ ہو سکے، ان کی نمائندگی ڈپٹی میئر ڈاکٹر ڈیبی برنارڈ نے کی۔

اس موقع پر انہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تقریبات سے کمیونٹیز کی لندن کے لیے خدمات کو اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے، یہ انہیں اپنی صلاحیتیں اسٹیج پر دکھانے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب تقسیم کی سیاست زوروں پر ہے، ایسے میلے ہمیں متحد ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ مسلم کمیونٹی کو اسلاموفوبیا کا سامنا ہے اور ایسے ماحول میں ضروری ہے کہ ہم متحد ہو کر کھڑے ہوں۔

میلے میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ ہر سال اس میلے میں آ کر بہت لطف آتا ہے، اس طرح ناصرف پاکستانی بلکہ دیگر مسلم ممالک کے افراد اور مقامی لوگ بھی اس میں شریک ہو کر محظوظ ہوتے ہیں۔

چند شرکاء نے کہا کہ یہ میلہ میئر لندن کی ایک بہت اچھی کاوش ہے، صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی تقریبات بھی ٹریفالگراسکوائر پر منعقد کی جاتی ہیں۔

شرکاء کے لیے مختلف اقسام کے کھانوں کے اسٹالز بھی موجود تھے، جبکہ بچوں کی دلچسپی کے لیے بھی متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا، اسٹیج پر فنکار پورا دن مختلف نوعیت کی پرفارمنس پیش کرتے رہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید