انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ اجلاس میں متعدد سفارشات کی منظوری دے دی گئی۔ بورڈ نے بڑھتی ہوئی فرنچائز کرکٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے، کینیڈا کی رکنیت معطل کردی گئی ہے جبکہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2028 کوالیفکیشن پاتھ وے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والی بورڈ میٹنگز کے دوران بورڈ نے چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کی متعدد سفارشات کی منظوری دی۔
اعلامیہ کے مطابق ٹیسٹ میچز میں دونوں ٹیموں کی رضا مندی کے ساتھ پنک بال کے استعمال کی آزمائشی بنیادوں پر منظوری دے دی گئی ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پنک بال کا استعمال خراب روشنی کے باعث کھیل کو زیادہ سے زیادہ ممکن بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2028 کے کوالیفکیشن پاتھ وے کی منظوری دے دی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2028 کا میزبان پاکستان ہے، ایونٹ میں بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں اننگز کے دوران وقفے کو 15 منٹ کردیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 جون اور جولائی کی بجائے 14 سے 28 فروری تک ہوگی۔
اعلامیہ کے مطابق آئی سی سی ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں 5 ایسوسی ایٹس اور 5 فل ممبرز ٹیمیں شامل ہیں۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ بورڈ نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے گلوبل کوالیفائر کی منظوری دے دی۔
آئی سی سی بورڈ نے کرکٹ کینیڈا کی ممبرشپ معطل کر دی۔ کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ کرکٹ کینیڈا کی رکنیت معطل سنگین خلاف ورزیوں کے بعد کی گئی ہے۔ معطلی کے باوجود کینیڈا کرکٹ ٹیم آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کرتی رہے گی۔
اعلامیہ کے مطابق آئی سی سی کا دو رکنی وفد بنگلادیش کا دورہ کرے گا، وفد بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے انتخابی عمل کے جائزے سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کرے گا۔
آئی سی سی بورڈ نے بڑھتی ہوئی فرنچائز کرکٹ پر تشویش کا اظہار کیا۔ فرنچائز کرکٹ کے حوالے سے بورڈ نے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی موجودہ اسٹرکچر میں انٹرنیشنل کیلنڈر اور فرنچائز کرکٹ کے درمیان توازن قائم کرنے کا جائزہ لے گی۔