ہالی ووڈ کی ایک انتہائی کم بجٹ میں بننے والی ہارر فلم نے باکس آفس پر 80 ملین ڈالرز کا بزنس کر لیا۔
یہ فلم ایک 26 سالہ یوٹیوبر کے کیریئر کی پہلی فلم ہے، جس نے اس فلم کو 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کے بجٹ میں صرف 20 دنوں میں بنایا۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کم بجٹ والی ہارر فلم’اوبسیشن‘ نے ریلیز ہونے کے بعد صرف 2 ہفتوں میں باکس آفس پر 80 ملین ڈالرز کا بزنس کر لیا۔
اس حوالے سے فلم کے 26 سالہ ہدایتکار کری بارکر کا کہنا ہے کہ جب ہم نے یہ فلم بنائی تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ کیا ہونے والا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کرنا بھی ناقابلِ یقین تھا۔
کری بارکر نے کہا کہ میرے پاس ابھی جو مواقع موجود ہیں وہ کافی ناقابلِ یقین ہیں لیکن میں ابھی اس بات پر توجہ مرکوز کر رہا ہوں کہ میرے لیے کیا اہم ہے۔
واضح رہے کہ فلم’اوبسیشن‘ ہالی ووڈ میں ہونے والی اس وسیع تر تبدیلی کا حصہ ہے جہاں یوٹیوبر تیزی سے فلم انڈسٹری میں اپنی ایک منفرد مقام حاصل کر رہے ہیں۔