• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: 4 افراد کو زخمی کر کے پکڑا نہ جانیوالا ریچھ انتہائی ذہین قرار

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

جاپان میں 4 افراد کو زخمی کر کے بھاگنے والا ریچھ اپنی ذہانت کی وجہ سے پکڑا نہ جا سکا۔

جاپانی میڈیا کے مطابق منگل کو فوکوشیما میں 2 فیکٹریوں کے 4 افراد پر حملہ کرنے کے بعد ریچھ ایک عمارت کے اندر چھپ گیا تھا۔

بعد ازاں ریچھ کو پکڑنے کے لیے شکاریوں، جالوں اور بے ہوش کرنے والی ادویات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم یہ ریچھ ان سب چیزوں کو بھی چکمہ دے کر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج (جمعے تک) بھی ریچھ کو پکڑا نہیں جا سکا ہے۔

فوکوشیما شہر کے میئر نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ ریچھ نے بھاگنے کے لیے  خود ہی کھڑکی کھولی، اس کے باہر نکلنے کی جگہ کے قریب پنجوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

انہوں نے ریچھ کو انتہائی ذہین قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ امکان ہے کہ ریچھ نے پانی پینے کے لیے پانی کے نل کو بھی خود کھولا۔

میئر نے کہا کہ شکاریوں، پولیس اور فائر فائٹرز کی مدد سے ہم نے ریچھ کو پکڑنے کے لیے تمام دستیاب اور ممکنہ اقدامات کیے، تاہم ہم اپنی کوششوں کے باوجود اپنا مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں پچھلے سال ریچھوں کے حملوں سے 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید