پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے ان حالات میں ان کی نمائندگی کون کرسکتا ہے، اس بار آپ کو فارم 45 کا بندوبست کرنا ہے۔
گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بار ہم کسی کو آپ کے ساتھ نا انصافی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پچھلے الیکشن میں آپ کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا تھا، آپ نے فیصلہ کرنا ہوگا موجودہ حالات میں آپ کی نمائندگی کون کر سکتا ہے، پیپلز پارٹی ہی آپ کی بہترین نمائندگی کر سکتی ہے، صدر آصف علی زرداری سے بہتر کوئی اور نمائندہ نہیں ہوسکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے ایٹم بم اور بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دیا، ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی بنیاد صدر زرداری نے رکھی، پاکستان دفاعی طور پر مضبوط ہے، اس کی وجہ قائد عوام ہیں، انہوں نے ایٹم بم کا تحفہ دیا، پاکستان کی خود مختادی کیلئے سب سے بڑا فیصلہ کیا گیا، پاکستان کی خود مختادی سی پیک سے بڑی ہے، صدر زرادی نے پاک ایران گیس پائپ لائن کی بنیاد رکھی، صدر زرداری نے پاکستان سے غیر ملکی اڈے بند کروا کر مہمانوں کو خدا حافظ کہا۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ خطے میں جنگ کے حالات ہیں، ہمارے فیلڈ مارشل امن کیلئے کوششیں کررہے ہیں، جتنا جلد امن کی کوشش کامیاب ہوگی، اتنا جلد عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، دعا گو ہیں کہ فیلڈ مارشل کی خطے میں قیام امن کی کوششیں کامیاب ہوں۔