• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی شخص کیساتھ دلچسپ فراڈ: 32 منزلہ عمارت میں 34ویں منزل پر 33 لاکھ کا فلیٹ خرید لیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

چین میں ایک شہری کے ساتھ حیران کن فراڈ سامنے آیا ہے، شہری نے 2013ء میں ایک رہائشی منصوبے میں 34ویں منزل پر فلیٹ خریدا لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ عمارت میں صرف 32 منزلیں ہی موجود ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا روپورٹس کے مطابق شین نامی خریدار نے کم قیمت پر 90 مربع میٹر کا فلیٹ خریدا تھا، منصوبہ ایسی زمین پر تعمیر کیا جا رہا تھا جس کے قانونی کاغذات نامکمل اور زمین پر حکومت کی جانب سے منظوری مکمل نہیں تھی، تعمیراتی کمپنی نے یقین دہانی کروائی تھی کہ تمام قانونی دستاویزات بعد میں حاصل کر لیے جائیں گے۔

فلیٹ کی حوالگی میں تاخیر کے بعد 2017ء میں کمپنی نے شین کو بتایا کہ عمارت 32 منزلوں پر مشتمل ہے اس لیے اس کا خریدا گیا 34ویں منزل کا فلیٹ حقیقت میں موجود ہی نہیں، کمپنی نے متبادل فلیٹ کی پیشکش کی تاہم بعد میں وہ فلیٹ بھی کسی دوسرے شخص کو فروخت کر دیا گیا۔

متاثرہ شہری نے اپنی رقم واپس مانگی لیکن کمپنی نے مالی مشکلات کا جواز پیش کرتے ہوئے صرف جزوی ادائیگیاں کیں۔

بعد ازاں ثالثی حکام نے کمپنی کو بقایا رقم، سود اور اضافی معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا مگر شین کو اب تک مکمل رقم واپس نہیں مل سکی۔

رپورٹس کے مطابق کئی سال گزرنے کے باوجود شین نہ گھر حاصل کر سکا اور نہ ہی اپنی پوری سرمایہ کاری واپس لے سکا، یہ واقعہ چین میں غیر قانونی اور کم قیمت رہائشی منصوبوں کے خطرات کی ایک بڑی مثال بن گیا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید