اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ادارے کے سربراہ وولکر ترک نے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان 2 مارچ سے جاری جھڑپوں میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے ثبوت اکٹھے کرنے کیلئے یواین مشن لبنان بیھجنے کا اعلان کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا کہ احتساب کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، بین الاقوامی انسانی قانون کی مبینہ خلاف ورزیوں کی فوری اور آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ لبنانی حکومت کے ساتھ مل کر ایک غیر جانبدارانہ اور آزاد تحقیقاتی مشن کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔
وولکر ترک نے کہا 2 مارچ سے لبنان میں جاری جھڑپوں کے دوران فریقین کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی معلومات اکٹھی کرنے اور ثبوت تلاش کرنے کیلیے جلد اپنی ٹیم لبنان بھیجوں گا۔
لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 3600 افراد جاں بحق اور 10 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان میں 29 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔