وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ 180 روز میں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کو فائنل کریں گے۔
قومی اقتصادی کونسل اجلاس کے بعد مزمل اسلم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ آج اجلاس میں صوبے کے عوام کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کو اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا تھا، وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ 180 روز میں این ایف سی کو فائنل کریں گے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ این ایف سی کو قبائلی اضلاع کےلیے اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے، تمام صوبے ایوارڈ کی منظوری دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبوں کا اتفاق رائے نہ ہوا تو پھر سمری وزیراعظم ایوان صدر بھجوائیں گے، گندم کی آزادانہ نقل و حمل پر عمل درآمد کرانا وفاق کی ذمے داری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ پاسکو کے ساتھ جو معاہدہ ہوا ہے وہ 4150 روپے فی من سے اوپر لے کر جارہے تھے، وفاق نے یقین دہانی کرائی کہ گندم کا ریٹ نہیں بڑھایا جائے گا۔
اس موقع پر مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ 700 ارب، پنجاب، 200 سندھ نے کم کیا، ہمارا 305 ارب ہے،سیاسی امور پر پیشرفت وقت کے ساتھ ساتھ کی جائے گی۔