کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قصبہ موڑ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور محرک کارفرما ہے، اس حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان پیٹرول پمپ کے قریب رکتے ہیں، جس کے بعد ایک مسلح ملزم موٹر سائیکل سے اتر کر سڑک کنارے بھاگتا ہے اور یاسین نامی شخص پر اندھا دھند فائرنگ کر دیتا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جبکہ وہ مقتول سے موٹر سائیکل یا کوئی سامان چھیننے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں واقعے میں ڈکیتی کا پہلو سامنے نہیں آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے خول تحویل میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔