بھارتی ٹیلی ویژن کی اداکارہ سنچیتا اوگلے نے 22 سال کی عمر میں خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام اداکارہ کے گاؤں میں واقع ان کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سنچیتا اوگلے نے اپنے کمرے کا دروازہ اندر سے بند کر کے مبینہ طور پر ساڑھی کی مدد سے پنکھے سے لٹک کر اپنی جان لی، اہلِ خانہ اور مقامی افراد انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا۔
اداکارہ کے والد کی شکایت پر پولیس نے پراسرار موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنچیتا اوگلے نے مقبول ڈراموں ’کُم کُم بھاگیہ‘ اور ’واگلے کی دنیا‘ سمیت متعدد ٹیلی ویژن پروجیکٹس میں کام کیا تھا۔
وہ فلم ’چھاوا‘ اور فلم ’سائلنس 2: دی نائٹ آؤل بار شوٹ آؤٹ‘ میں بھی نظر آئی تھیں۔