ترک ٹی وی کی معروف اداکارہ ایجے ایرتم 35 سال کی عمر میں چل بسیں۔
اداکارہ کے وکیل نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ایجے ایرتم اپنے گھر میں بے ہوش حالت میں پائی گئیں، جہاں وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر تھیں، انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔
افسوس ناک امر یہ ہے کہ اداکارہ کا انتقال ان کی 35 ویں سالگرہ منانے کے صرف ایک دن بعد ہوا۔
وکیل کے مطابق ابتدائی طبی رپورٹس میں دل کا دورہ موت کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے، تاہم حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کی بھی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اداکارہ نے خودکشی کی ہے۔
وکیل کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ ایجے ایرتم 14 جون 1991ء کو پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے 2014ء میں اوپیرا اور ووکل پرفارمنس ڈیپارٹمنٹ سے تعلیم حاصل کی، جبکہ بعد ازاں باقاعدہ اداکاری کی تربیت بھی حاصل کی۔
انہیں مقبول ترک ڈرامے ون لوو میں اسیل کے کردار سے غیر معمولی شہرت ملی، جس نے انہیں ترکی کی ابھرتی ہوئی باصلاحیت اداکاراؤں میں شامل کر دیا۔