آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) نے پیکا ایکٹ کے تحت ایک اخبار کو نوٹس جاری کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے صدر سینیٹر سرمد علی اور سیکریٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اخبار کو جاری کیا گیا این سی سی آئی اے کا نوٹس فوری طور پر واپس لیا جائے۔
سوسائٹی عہدیداران نے کہا کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس ایسوسی ایشن کی شکایت پر اخبار کے کالم نگار کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس دیا ہے کہ کالم نگار نے سول سرونٹس کیلئے ایک اصطلاح استعمال کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اخبارات، صحافیوں اور میڈیا اداروں کیخلاف پیکا کے غلط استعمال کو مکمل طور پر بند کیا جائے۔ حکومت کو آئین کے آرٹیکل 19 کا احترام اور آزاد میڈیا کے تحفظ کیلئے قائم رہنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیکا کے نفاذ کے وقت یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ اس کا اطلاق پرنٹ میڈیا پر نہیں ہوگا۔ کسی اخبار کیخلاف شکایت کے ازالے کیلئے مجاز ریگولیٹری ادارہ پریس کونسل آف پاکستان ہے۔
اے پی این ایس عہدیداران نے کہا کہ پیکا کو سائبر جرائم کنٹرول اور سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل جرائم کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے بنایا گیا تھا۔