فیفا ورلڈ کپ دو ہزار چھبیس میں پرتگال اور کانگو کے درمیان میچ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا، دونوں گول پہلے ہاف میں ہوئے، دوسرے ہاف میں پرتگال کی جانب سے کینسیلو کا گول آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔
پرتگال نے میچ کے چھٹے ہی منٹ میں برتری حاصل کی، جب ژاؤ ناویس نے گیند کو جال کی راہ دکھائی تاہم کانگو نے ہمت نہ ہاری اور پہلے ہاف کے اختتام سے قبل یان ویسا نے گول اسکور کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔
دوسرے ہاف میں پرتگال کو ایک بار پھر برتری حاصل کرنے کا موقع ملا، لیکن جواؤ کینسیلو کا گول آف سائیڈ قرار دے دیا گیا، اس کے بعد بھی پرتگال کو موقع ملے لیکن وہ گول اسکور نہ کرسکے اور میچ ایک ۔ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔
مجموعی طور پر میچ میں پرتگال کی کارکردگی اعداد و شمار کے لحاظ سے بھی مایوس کن رہی، گیند پر 75 فیصد قابو کے باوجود بھی صرف تین مرتبہ شاٹس ہدف پر تھے۔
کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر گول کرنے میں ناکام رہے، رونالڈو نے میچ میں صرف پچیس بار گیند کو چھوا، جو کسی بڑے ٹورنامنٹ میں مکمل نوے منٹ کھیلنے کے باوجود ان کی کم ترین ٹچز کی تعداد ہے۔
رونالڈو اب پرتگال کے لیے فیفا ورلڈ کپ اور یورو کپ سمیت بڑے ٹورنامنٹس کے مسلسل دس میچز میں گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔