فٹ بال ورلڈ کپ میں راتوں رات شہرت کی بُلندیوں کو چھونے والے کیپ ورڈی کے گول کیپر وزینا کی والدہ بھی اپنے بیٹے کا اگلا میچ دیکھنے کیلئے میامی کے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گی، بھاری امریکن ویزا فیس کی وجہ سے وہ امریکا نہیں جاسکی تھیں لیکن اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ویزا فیس معاف کر کے اُن کے امریکا پہنچنے کے انتظامات شروع کردیئے ہیں۔
یو ایس ہاؤس ڈیموکریٹک لیڈر حکیمی جیفریز نے سوشل میڈیا پر یہ خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو سے اس بارے میں بات کی کہ وہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے چالیس سالہ گول کیپر کی والدہ کو میچ دیکھنے کیلئے امریکا بلائیں۔
حکیمی جیفریز نے کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ بھاری ویزا فیس کی وجہ سے امریکا نہ پہنچنے والی وزینا کی والدہ اب اتوار کو کیپ ورڈی اور یوراگوئے کے درمیان میچ دیکھنے میامی میں موجود ہوں گی، اُن کی ویزا فیس اسٹیٹٹ ڈپارٹمنٹ نے معاف کردی اور اُن کے سفر کے انتظامات بھی شروع ہوگئے ہیں۔
وزینا کی والدہ اینا کانڈیڈہ نے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں، وہ اپنے بیٹے سے ملنے اور اُسے کھیلتے ہوئے دیکھنے جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ فٹ بال ورلڈ کپ میں شریک کیپ ورڈی سمیت پانچ ممالک کے شائقین کو امریکی پالیسی کے تحت قابل واپسی ویزا فیس کی مد میں گیارہ ہزار پاؤنڈ جمع کرانے تھے، یہ قانون اس سال مئی میں تبدیل کیا گیا۔