روس میں 18 سالہ طالب علم کو ایڈولف ہٹلر کے نام سے پیزا کا آرڈر دینے اور آن لائن ممنوعہ اشارے شیئر کرنے کے الزام میں 5 دن قید کی سزا سنا دی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق طالب علم نے ایک شاپنگ سینٹر کے ریسٹورنٹ سے پیزا آرڈر کرتے وقت نام ایڈولف ہٹلر استعمال کیا جس پر اسے ’نازی علامتوں کی تشہیر‘ کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ملزم کو کالج کے احاطے سے گرفتار کیا گیا جہاں اس نے گرفتاری کے دوران کوئی مزاحمت نہیں کی اور اپنے عمل پر معافی مانگی۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ طالب علم نے اپنی ڈیسک پر کچھ ممنوعہ علامتیں بنائی تھیں اور ان کی تصاویر ایک آن لائن چیٹ گروپ میں شیئر بھی کی تھیں۔
روسی حکام کے مطابق ایک مقامی سیاسی شخصیت نے اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے اقدامات کی نوعیت کو پوری طرح نہیں سمجھ سکا تھا اور آئندہ ایسا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا ہے۔