امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلوں کے درمیان جہاں پوری دنیا پر فٹبال کا بخار چڑھا ہوا ہے، وہیں بنگلادیش سے فٹبال کی دیوانگی کی ایک انتہائی عجیب اور مضحکہ خیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ایک فٹبال مداح نے اپنی پالتو بھیڑ کو ارجنٹائن کی قومی ٹیم کی کٹ (نیلے اور سفید) رنگوں میں رنگ کر سڑک پر گھمانا شروع کردیا۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص سڑک کنارے سکون سے پیدل چل رہا ہے اور اس کے ہاتھ میں ایک رسی ہے، جس سے ارجنٹائن کے رنگوں میں رنگی ہوئی بھیڑ بندھی ہے۔
بھیڑ کی اون کو اتنی صفائی سے نیلے اور سفید حصوں میں رنگا گیا ہے کہ وہ دور سے دیکھنے میں اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کی جرسی معلوم ہوتی ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ہے، "واموس ارجنٹائن!" (ارجنٹائن آگے بڑھو)۔
فٹ بال شائقین نے اس انوکھے کرتب پر ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ میسی کا جادو اب انسانوں سے نکل کر جانوروں پر بھی چل گیا ہے اور یہ بھیڑ بھی میسی کی فین لگ رہی ہے۔
دوسری طرف جانوروں کے حقوق کے علمبرداروں اور صارفین نے اس پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آرٹسٹک نظر آنے کے باوجود جانوروں پر کیمیکل والے رنگ لگانا ان کی جلد اور صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔