صوابی(نمائندہ جنگ )صوابی کی گجو خان میرہ میں پولیس نے تین با ریش افراد کی قتل شدہ لاشیں بر آمد کر لی ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے رورل ہیلتھ سنٹر کھنڈہ انبار منتقل کر دیا گیا پولیس تھانہ چھوٹا لاہور کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس نے گجو خان میرہ سے تین قتل شدہ لاشیں بر آمد کر لی ہیں ۔ڈی پی او صوابی جاوید اقبال خان نے میڈیا کو بتایا کہ مقتولین کی عمریں 25سے35سال تک ہے ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ ان افراد کو کسی اور جگہ دس گھنٹے قبل قتل کر نے کے بعد ان کی لاشیں گجو خان میرہ میں پھینک دی گئی تھی انہوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے اصل حقائق سامنے آئیں گے جب کہ بائیو میٹرک سسٹم اور ڈی این اے کرانے کے بعد ان کی شناخت ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع پر پولیس نے گجو خان میرہ جا کر وہاں پڑی لاشیں بر آمد کر لی تینوں مقتولین نے داڑھی رکھی ہوئی ہے چھوٹا لاہور پولیس نے لاشوں کو قبضہ میں لے کر ورثاء کی تلاش شروع کر دی ہے ۔