صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کے 73ویں یومِ پیدائش پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کے لیے خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، بے نظیر بھٹو نے سیاسی بصیرت اور جرأت سے نئی راہیں متعین کیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم نے خواتین کی قیادت کے دروازے کھولے، بے نظیر بھٹو جمہوری استحکام اور آئینی بالادستی کی مضبوط حامی رہیں، شہید رہنما نے ہر مشکل میں جمہوری اصولوں پر ثابت قدمی دکھائی۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے عوامی خدمت کو سیاست کا مرکزی مقصد بنایا، شہید بے نظیر بھٹو کی جدوجہد محروم طبقات کی ترقی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو نے تشدد کی سیاست کو رد کر کے مکالمے کو فروغ دیا، شہید بے نظیر بھٹو قید و جلاوطنی کے باوجود اپنے مؤقف پر ڈٹی رہیں، ان کا ویژن آج بھی پاکستان کے مستقبل کے لیے رہنمائی کرتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی زندگی حوصلے، قربانی اور استقامت کی مثال ہے، قوم انہیں جمہوریت، خدمت اور امید کی علامت کے طور پر یاد رکھتی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بھی بے نظیر بھٹو کی سالگرہ پر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کی روشن علامت تھیں، محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوری استحکام اور عوامی خدمت کے لیے تاریخی جدوجہد کی، بینظیر بھٹو شہید کی زندگی اور شہادت عظیم اسلامی و جمہوری اقدار کی عکاس ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جمہوریت، آئینی بالادستی اور عوامی فلاح کے لیے بینظیر بھٹو کے ویژن کو آگے بڑھایا جائے گا۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کی قربانیاں پاکستانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔