• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہفتے میں دو دن اسمارٹ فون سے دور رہنے والے شخص نے حیرت انگیز تجربہ بتا دیا

فوٹوز ایکس
فوٹوز ایکس 

 ہفتے میں صرف دو دن اسمارٹ فون بند رکھنا بظاہر ایک آسان فیصلہ لگتا ہے، لیکن عملی طور پر یہ اتنا سادہ نہیں۔ ایک ٹیکنالوجی سے دلچسپی رکھنے والے شخص کے تجربے نے ڈیجیٹل دنیا پر بڑھتے ہوئے انحصار کے بارے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

بھارتی صارف  نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وہ ہر جمعہ کی رات اپنا آئی فون بند کر کے اتوار تک ایک سادہ کی پیڈ والا  فون استعمال کرتا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ ابتدا میں یہ تبدیلی غیر معمولی محسوس ہوئی، لیکن جلد ہی اس نے میری  روزمرہ زندگی پر مثبت اثرات مرتب کرنا شروع کر دیے۔ سوشل میڈیا، نوٹیفکیشنز اور مختلف ایپس سے دوری کے باعث مجھے کافی اضافی وقت میسر آیا۔

صارف کے مطابق اس دوران میں نے کتابیں پڑھنا شروع کیں، اپنی بیٹی کے ساتھ زیادہ وقت گزارا اور اہل خانہ کے ساتھ معیاری وقت میسر آیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کھانے کے اوقات، گھریلو گفتگو اور روزمرہ کے چھوٹے لمحات میں مداخلت کم ہو گئی، جس سے ذہنی سکون اور توجہ میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس تجربے سے بے چینی میں کمی آئی اور ذہن پہلے سے زیادہ پُرسکون محسوس ہوا۔

تاہم اس تجربے نے اسمارٹ فونز پر ہماری عملی وابستگی کو بھی نمایاں کیا۔ چند دن بعد انہیں احساس ہوا کہ رابطوں کی فہرست سادہ فون میں منتقل کرنا آسان نہیں تھا اور بعض نمبرز درست طور پر منتقل نہیں ہو سکے، جس سے رابطے میں مشکلات پیش آئیں۔

مزید برآں، نقشہ جات، آن لائن کھانے کی ترسیل اور ڈیجیٹل ادائیگیوں جیسی ضروری ایپس کی عدم دستیابی بھی ایک بڑا مسئلہ بن گئی۔ بعض مواقع پر سفر اور دیگر روزمرہ امور نمٹانے کے لیے انہیں اپنی اہلیہ کا فون استعمال کرنا پڑا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک ٹیکنالوجی کے شوقین شخص کے لیے ہوٹل کے بل ادا کرتے وقت بینک کارڈز، خصوصی آفرز اور موبائل ایپس تک رسائی نہ ہونا خاصا مشکل تجربہ تھا۔

ان کے مطابق یہ تجربہ ایک طرف ذہنی سکون، خاندانی روابط اور توجہ میں اضافے کا سبب بنا، جبکہ دوسری طرف اس نے یہ حقیقت بھی اجاگر کر دی کہ جدید زندگی میں اسمارٹ فونز محض سہولت نہیں بلکہ روزمرہ کے نظام کا بنیادی حصہ بن چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل ڈیٹاکس ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، تاہم مکمل طور پر اسمارٹ فون سے دوری آج کی ڈیجیٹل معیشت اور روزمرہ ضروریات کے باعث ایک عملی چیلنج بھی بن چکی ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید