• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا ورلڈ کپ 2034ء کیلئے پاکستان کا 4 لاکھ ہنر مند سعودی عرب بھیجنے کا منصوبہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

سعودی عرب میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2034ء کے لیے پاکستان نے اپنے 3 سے 4 لاکھ ہنر مند افراد کو سعودی عرب بھیجنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ 

سرکاری دستاویزات کے مطابق ہنر مند پاکستانی افراد 2026ء سے 2034ء کے دوران انفرااسٹرکچر کی تعمیر، ہوا بازی، سیاحت اور متعلقہ خدمات کے شعبوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ اقدام حکومت کی ان وسیع کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد بیرونِ ملک روزگار کے مواقع بڑھانا اور عالمی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط بنانا ہے۔

اس مقصد کے حصول کے لیے جولائی تا مارچ مالی سال 26-2025ء کے دوران 2 لاکھ 15 ہزار 719 افراد کو سافٹ اسکلز کی تربیت دی گئی، جس کا مقصد ان کی موافقت پذیری، پیداواری صلاحیت اور عالمی سطح پر روزگار حاصل کرنے کی استعداد کو بہتر بنانا تھا۔

سعودی عرب پہلے ہی پاکستانی ہنر مند افراد کے لیے پہلی ترجیح رہا ہے، 2025ء میں 5 لاکھ 30 ہزار 256 پاکستانی ہنر مند افراد سعودی عرب گئے، جو سال بھر میں بیرونِ ملک روزگار کے لیے ہونے والی کل رجسٹریشن کا 69.54 فیصد بنتے ہیں۔

سعودی عرب کے ویژن 2030ء پروگرام نے روزگار کے مواقع بڑھائے ہیں اور اس وجہ سے ہنر مند افراد کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے صرف 2025ء میں بیرونِ ملک ملازمت کے لیے 7 لاکھ 62 ہزار 499 ہنر مند افراد کو رجسٹر کیا۔

1972ء سے لے کر اب تک 1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد پاکستانی 50 سے زائد ممالک میں سرکاری چینلز کے ذریعے کام کے لیے بیرونِ ملک جا چکے ہیں، جن میں سے 96 فیصد سے زیادہ خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات گئے ہیں۔

صرف خلیج ہی نہیں بلکہ پاکستان خلیج سے باہر بھی اپنے ہنر مند افراد کی تعداد کو بڑھا رہا ہے۔

پاکستان یورپی یونین مائیگریشن اینڈ موبیلٹی ڈائیلاگ کے تحت اٹلی نے 3 سال کے دوران پاکستان کے لیے 10ہزار 500 ہنر مند افراد کے کوٹے کا اعلان کیا ہے جبکہ جرمنی اور یونان نے بھی ہنر مند افراد پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے لیبر تعاون کے باضابطہ انتظامات کی جانب بھی پیش رفت کی ہے۔

پاکستانی حکومت بھی ڈیجیٹل اصلاحات کے ذریعے ہجرت کے عمل کو جدید بنا رہی ہے، 14 متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو جوڑنے اور بیرونِ ملک ملازمت کے طریقہ کار کو ہموار کرنے کے لیے پاکستان ایمیگرنٹ مینجمنٹ فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے، یہ فریم ورک آن لائن تصدیقی نظام کے ذریعے بیرونِ ملک روزگار کے طریقہ کار کو آسان بنائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید