چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ صوبوں کا وفاق کی مالی معاونت کرنا آئینی معاملہ ہے۔
راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے 35 ہفتوں سے ملاقاتیں بند ہیں، ہم مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں ذاتی معالجین اور فیملی کو رسائی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ متاثر ہے، 5 انجیکشن لگائے گئے، بشریٰ بی بی کی آنکھ کی بھی سرجری کی گئی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بجٹ وہ ہوتا ہے جس میں عوام کو گیسں، بجلی غذائی اشیا سستی ملیں، ہم نے کچھ تجاویز دیں لیکن حکومت کے پاس اکثریت ہے اس لیے ہماری تجاویز معنی نہیں رکھتیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبوں کا وفاق کی مالی معاونت کرنا آئینی معاملہ ہے، این ایف اسی ایوارڈ کے مطابق صوبوں کو ان کا شیئر ملنا چاہیے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ وفاق کو چاہیے اپنا ریونیو جنریشن بڑھائے اور شاہ خرچیاں ختم کرے، صوبوں سے پیسے مانگنا ناجائز مطالبہ ہے، سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے ہی نکلنا چاہیے۔